ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کے ہیرو انگین التان سے فراڈ کاشف ضمیر گرفتاری کے بعد ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور(پی این آئی )مقامی عدالت نے ترک ڈرامہ ارطغرل کے ہیرو انگین آلتان سے فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔پولیس نے ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے رو برو پیش کر کے کیس کے حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ عدالت نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آج ہفتہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔آلتان نے آئی جی پنجاب کو بذریعہ ای میل اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کی درخواست بھجوائی تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے تفتیش کے بعد تھانہ اقبال ٹائون میں مقدمہ درج کرکے کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم کاشف ضمیر کے گھر چھاپے میں بلیولائٹ اور سبز نمبر پلیٹ والی گاڑی، اسلحہ اور جعلی سونے کے بھاری زیورات برآمد ہوئے۔ڈی ایس پی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم ریکارڈ یافتہ ہے، اس کے خلاف لاہور اور سیالکوٹ میں فراڈ کے 6 مقدمات درج ہیں، ملزم جعلی سونے کے بھاری زیورات پہن کر فراڈ کرتا تھا۔واضح رہے کہ پولیس نے معروف ترک ڈرامہ سیریل میں ارطغرل غازی کا کردار ادار کرنے والے اداکار انگین آلتان سے فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر ملزم کاشف ضمیر کو گرفتار کرلیا۔سی آئی اے پولیس اقبال ٹاؤن نے معروف ترک ڈرامہ سیریل میں ارطغرل غازی کا کردار ادار کرنے والے اداکار انگین آلتان سے فراڈ کرنے والے ملزم ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیاں اور دیگر اشیا برآمد کرلیں۔واضح رہے کہ کاشف ضمیر اور انگین آلتان کے درمیان کچھ عرصہ قبل برانڈ ایمبسڈر کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا، تاہم کاشف ضمیر مقررہ رقم ادا نہ کرسکا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں