کراچی(پی این آئی) اداکارہ زویا ناصر نے جرمنی سے تعلق رکھنے والے ولاگر کی اسلام سے دوری، اسرائیل کی حمایت اور پاکستان سے نفرت کے اظہار پر منگنی توڑنے کا اعلان کردیا۔پاکستانی اداکارہ زویا ناصر اور جرمن ولاگر کرسٹن بیٹزمین کی رواں برس فروری میں منگنی ہوئی تھی۔ منگنی سے قبل ہی کرسٹن بیٹزمین نے اسلام بھی قبول کرلیا تھا۔دونوں کی منگنی کی سوشل میڈیا پر خوب دھوم رہی تھی تاہم اب زویا ناصر نے منگنی توڑنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام میں زویا ناصر نے اپنی پوسٹ میں منگنی توڑنے کی وجوہات بتاتے ہوئے لکھا کہ کرسٹن بیٹزمین کا میرے مذہب، میرے ملک اور میری ثقافت سے متعلق رائے تبدیل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مجھے یہ دشوار فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔زویا ناصر نے مزید لکھا کہ ہمارے کچھ مذہبی اور سماجی حدود ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان حدود سے تجاوز کرنے بجائے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے اس جذباتی اور نفسیاتی زخم کو بھرنے کے لیے اللہ سے رجوع کیا ہے۔زویا ناصر نے پوسٹ کے آخر میں کرسٹن کے لیے خوشگوار اور روشن زندگی کا خواہش اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتی ہوں اس مشکل وقت میں میرے اور میرے اہل خانہ کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ فروری میں اسلام قبول کرنے والے جرمن ولاگر نے کچھ روز قبل انسٹاگرام پر اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں انہیں صارفین نازیبا القابات سے مخاطب کر رہے تھے۔ کرسٹن بیٹزمین نے کیپشن میں پاکستان کو تیسرے درجے کا ملک قرار دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں