لاس اینجلس(این این آئی)مارول اسٹوڈیو نے اپنی پہلی مسلم سپر ہیرو کی ٹی وی سیریز کے لیے پاکستانی لڑکی کو منتخب کرلیا۔مارول اسٹوڈیو اپنی پہلی مسلم سپر ہیرو مس مارول پر ٹی وی سیریز بنا رہا ہے، اس ٹی وی سیریز کے مرکزی کردار کمالہ خان کے لیے مارول اسٹوڈیو طویل عرصے سے کسی ایسی لڑکی کی تلاش
میں تھا جو پاکستانی ہو تاہم امریکا میں پلی بڑھی ہو اور اب مارول اسٹوڈیو کی تلاش ختم ہوگئی ہے۔مارول اسٹوڈیو کی پہلی مسلم سپرہیرو گرل ٹی وی سیریز میں اداکارہ ایمان ولانی کمالہ خان کا مرکزی کردار ادا کریں گی،18سالہ ایمان ولانی پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ہیں اور گزشتہ برس ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کرچکی ہیں۔ وہ مستقبل میں سینیماٹو گرافر بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔مارول اسٹوڈیو کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات پاکستان کی نامور ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور ان کے ساتھ مزید تین نامور ہدایت کار عدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن دیں گی،یہ ٹی وی سیریز ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی اور اسے 2022 میں نشر کیا جائے گا۔مس مارول کے کردار کو مارول ایڈیٹر اور ڈائریکٹر ثنا امانت نے بطور شریک تخلیق کار 2014 میں بنایا تھا۔ مس مارول 16 سال کی پاکستانی نژاد امریکی مسلم نوجوان لڑکی ہے جس کا نام کمالہ خان ہے جو امریکی شہر نیو جرسی میں رہتی ہے۔ اس کردار کے پاس اپنی صورت اور روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ پہلا مسلم کردار ہے جس پر کامک بک سیریز بنائی گئی ہے۔پاکستانی نژاد ہالی ووڈ اداکار کمیل نانجیانی نے ایمان ولانی کو مارول اسٹوڈیو کی پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو کا کردار حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے یہ سیریز دیکھنے کے لیے انتظار نہیں ہورہا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں