انگین التان دوزیاتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ منسوخ کر نے کا فیصلہ کر لیا

استنبول (پی این آئی)انگین التان دوزیاتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ منسوخ کر نے کا فیصلہ کر لیا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کی انتہا کو پہنچنے والے ترک ڈرامہ سیریل “ار طغرل غازی” کے ہیرو انگین التان دوزیاتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو منسوخ کردیا

ہے۔انگین التان نے “یارِ من ترکی” یو ٹیوب چینل کے اینکر ڈاکٹر فرقان حمید سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں “بلیو ورلڈ سٹی” فرم کے بارے میں کوئی زیادہ معلومات حاصل نہیں تھیں، لیکن پاکستان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی اور اس فرم کے بارے میں اچھی رائے نہ ہونے کی وجہ سے ایگریمنٹ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،نجی ٹی وی نیوز کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے انگین التان کو پاکستانی میڈیا میں چلنے والی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ بلیو ورلڈ سٹی کا پروجیکٹ غیر قانونی ہے اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بلیو ورلڈ سٹی کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔انگین التان کا کہنا ہے کہ ایگریمنٹ سائن کرتے وقت انہیں پروجیکٹ کے غیر قانونی ہونے کا بالکل بھی علم نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں جلد ہی باقاعدہ منسوخی کی دستاویز جاری کردی جائیں گی۔واضح رہے کہ انگین التان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے والی پاکستانی کمپنی کے ساتھ برانڈ ایمبیسیڈر بننے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔پاکستان میں بے پناہ مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ وہ بہت جلد پاکستان آئیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close