دفتر مسمار ہونے کے بعد کنگنا نےریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور فلمساز کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ممبئی(پی این آئی)دفتر مسمار ہونے کے بعد کنگنا نےریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور فلمساز کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔بالی وڈ ادکارہ کنگنا رناوت نے بریہان ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کی جانب سے دفتر مسمار کرنے پر ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور فلمساز کرن جوہر کو

آڑے ہاتھوں لے لیا۔گزشتہ روز بی ایم سی نے اداکارہ کنگنا رناوت کے باندرہ ویسٹ کے پالی ہل روڈ پر واقع فلم کے دفتر میں تعمیرات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے گرانے کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی تھی جس پر اداکارہ نے جواب داخل کرانے کے لیے 7 روز کا وقت مانگا تھا۔بی ایم سی عملے نے ایک دن کا نوٹس پورا ہونے پر کنگنا کے دفتر کو مسمار کردیا جس پر اداکارہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا نے رواں سال جنوری میں ہی 48 کروڑ بھارتی روپے میں دفتر بنوایا تھا جس کو بری طرح مسمار کردیا گیا ہے۔دوسری جانب اداکارہ نے بی ایم سی کی کارروائی کے خلاف بمبئی ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے اور عدالت نے سماعت کے بعد بی ایم سی کو کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔اداکارہ کی جانب سے دفتر مسمار کرنے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں اور اسے فاش ازم قرار دیا گیا۔ بعدازاں اداکارہ کنگنا نے دفتر مسمار کرنے پر مہاراشٹرا حکومت اور شیوسینا کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں اداکارہ نے مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ادھو ٹھاکرے تمہیں کیا لگتا ہے ، فلم مافیا کے ساتھ مل کرمیرا گھر توڑ کر مجھ سے بڑا بدلہ لیا ہے، آج میرا گھر ٹوٹا ہے اور کل تمہارا گھمنڈ ٹوٹے گا، وقت ایک جیسا نہیں رہتا‘۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کنگنا نے مزید کہا کہ ’گزشتہ 24 گھنٹوں میں میرے دفتر کو اچانک غیر قانونی قرار دے دیا گیا اور وہاں موجود لائٹس فرنیچر سمیت ہر چیز کو توڑ دیا گیا، اب مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں کہ وہ میرے گھر کو بھی توڑ دیں گے، مجھے خوشی ہے کہ فلم مافیا کے چہیتے وزیراعلیٰ کے حوالے سے میرے رائے درست تھی‘۔ایک اور ٹوئٹ میں کنگنا نے کرن جوہر اور ادھو ٹھاکرے کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ’ادھو ٹھاکرے اور کرن جوہر گینگ آؤ، پہلے تم نے میرا دفتر توڑا اب میرا گھر توڑو پھر میرا چہرہ اور جسم توڑنا، میں چاہتی ہوں کہ دنیا واضح طور پر دیکھے کہ تم کسی کی آڑ لے کر کیا کیا کرسکتے ہو، میں زندہ رہوں یا مر جاؤں لیکن تمہیں ضرور ایکسپوز کروں گی‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close