چھاتی کے کینسر سے لڑتی نادیہ جمیل کی پہلی سرجری ہوگئی، مداحوں کیلئے اچھی خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)حال ہی میں بریسٹ کینسرسے مقابلہ کرنے کا بتانے والی اداکارہ نادیہ جمیل نے سرجری کے بعد اپنے فالوورز کیلئے سیلفی شیئر کی ہے۔ تھکن سے نڈھال ہونے کے باوجود نادیہ نے باہمت انداز میں اپنی ٹوئٹرفیملی کو بتایا کہ وہ اب بہتر محسوس کررہی ہیں۔اداکارہ نے 2 روز قبل بتایا تھا کہ انہیں پہلے اسٹیج

اور تیسرے درجے کے ٹیومر کی تشخیص ہوئی ہے اوراب ان کی سرجری ہوگی۔ٹوئٹر صارفین کیلئے اپنی مسکراتی ہوئی تصویر شیئرکرتے ہوئے نادیہ نے ان کی دعاؤں اور محبت کیلئے شکریہ کہا اور بتایا کہ 2 ہفتوں میں لمف نوڈ بائیوپسی کے کیموتھراپی اور ریڈی ایشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، ” درد برداشت کر رہی ہوں، مضبوط ہورہی ہوں، آج کیلئے شکرگزارہوں”۔برطانیہ میں زیرعلاج نادیہ نے سرجری کے بعد نادیہ نے سب سے پہلے اسپتال عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بہترین سہولیات کی فراہمی اور سرجری کو اپنے لیے آسان بنانے پر انہیں حیرت انگیز کہا۔ایک اور ٹویٹ میں نادیہ نے بتایا کہ ابھی ٹویٹس کا جواب دینا مشکل ہے لیکن میں ہرایک کی شکر گزار ہوں۔انہوں نے خود کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچانے والے ڈاکٹرز،نرسوں ، طبی عملے کی انتھک محنت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔باہمت اداکارہ نے خواتین کو ہدایت کی کہ بریسٹ کینسر کو سمجھنے اور مقابلہ کرنے کیلئے اس سے آگہی ضروری ہے۔ اپنا میڈیکل چیک کراتے رہیں ، اس میں کوئی شرمندگی نہیں۔ جلد پتہ لگانے سے جان بچ جاتی ہے۔اداکارہ ماہرہ خان اور وہاج خان نے نادیہ کیلئے اپنے پیغامات میں نیک خواہشات کااظہارکیا۔وہاج نے نادیہ کیلئے خوبصورت پیغام میں لکھا “جب مجھے سب سے زیادہ ضرورت محسوس ہوئی تو آپ میرے لیے ایک بہن ، ایک ماں اور ایک سرپرست رہی ہیں۔ اللہ آپ کو یہ جنگ لڑنے کی توفیق عطا فرمائے اور صحت مند بنائے”۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ نے بھی نادیہ جمیل کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔بطور ایک ڈاکٹر کے عارف علوی نے لکھا کہ اس بیماری کا جلدی پتہ لگنے کی صورت میں صحتیابی کا بہت زیادہ امکان ہوتا ہے، ہمی یہ بات بتانے کی ضرورت ہے۔ انشاء اللہ آپ جلد صحتیاب ہوجائیں گی۔ ہم آپ کیلئے دعا گو ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close