طالبعلموں کے لئے بڑی خبر،جمعہ اور ہفتہ کو آن لائن کلاسز کا نیا نوٹیفکیشن جاری

محکمہ صحت پنجاب نے صوبے کے میڈیکل کالجز میں تدریسی نظام کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایم بی بی ایس کے جونیئر طلبہ کے لیے جزوی طور پر آن لائن کلاسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایم بی بی ایس کے فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے طلبہ کی کلاسز ہر جمعہ اور ہفتہ کو آن لائن لی جائیں گی، اور یہ فیصلہ اگلے حکم تک نافذ العمل رہے گا۔

سینئر کلاسز یعنی تھرڈ، فورتھ اور فائنل ایئر کے طلبہ کے تعلیمی معمولات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان کی کلاسز پہلے کی طرح کالجز میں جاری رہیں گی۔ محکمہ صحت نے واضح کیا کہ نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ کے طلبہ کی اسپتالوں میں ڈیوٹیز متاثر نہیں ہوں گی اور وہ معمول کے مطابق اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

آن لائن کلاسز کے باوجود تمام پروفیسرز اور تدریسی عملہ شیڈول کے مطابق کالجز میں حاضری یقینی بنانے کے پابند ہوں گے، جبکہ تمام امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی لیے جائیں گے اور امتحانی تاریخوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ یہ نوٹیفکیشن پنجاب بھر کے تمام متعلقہ سرکاری و نجی طبی تعلیمی اداروں پر فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close