پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی اسکولوں کی طویل بندش کی خبر بے بنیاد قرار دے دی گئی ہے، جس پر حکام نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ 6 سے 25 اپریل تک تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق گردش کرنے والا نوٹیفکیشن مکمل طور پر جعلی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ایسی کوئی پالیسی زیر غور نہیں، جبکہ صوبائی وزیر تعلیم کے ترجمان نور الہدیٰ نے بھی اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اسکول بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، اور سوشل میڈیا پر وائرل نوٹیفکیشن کو من گھڑت قرار دیا ہے۔
ترجمان نے عوام، خصوصاً والدین اور طلبہ کو خبردار کیا کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری معلومات کو ہی مستند سمجھیں، کیونکہ ایسی افواہیں معاشرے میں غیر ضروری بے چینی اور کنفیوژن پیدا کرتی ہیں۔
مزید برآں محکمہ تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تعلیمی کیلنڈر یا اوقات کار میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں باضابطہ اعلان سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے کیا جائے گا، اور فی الحال صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






