صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

ایسٹر کی آمد کے پیش نظر صوبہ بھر میں مسیحی برادری کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث مارکیٹوں میں رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایسٹر کے موقع پر صوبہ بھر میں 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ صرف لاہور میں 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں، تفریحی مقامات اور حساس علاقوں میں تعینات اہلکار مکمل چوکس رہیں۔ لیڈیز اسکواڈ، ڈولفن فورس، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو اہم مقامات کے گرد مؤثر پٹرولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید برآں، بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے بین الصوبائی سرحدی چیک پوسٹوں پر بھی کڑی نگرانی رکھنے کا حکم دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر کومبنگ، سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close