افسوسناک خبر ، خودکش دھماکا، بڑا جانی نقصان ہو گیا

افسوسناک خبر ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن پر خودکش دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے میں بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ پولیس اسٹیشن کے عقبی حصے میں ہوا، جہاں بارود سے بھری ایک گاڑی عمارت سے ٹکرا گئی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنی گئی اور قریبی آبادی کے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بھی لرز اٹھیں۔ دھماکے کے نتیجے میں سنتری پوسٹ اور پولیس اسٹیشن کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

واقعے کے بعد قریبی علاقوں میں کئی مکانات کی چھتیں گرنے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ ایک زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ فائرنگ رکنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقے میں باقاعدہ آپریشن شروع کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بخت اللہ وزیر کے مطابق اب تک پانچ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 13 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ سرچ اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

علاقے میں فوری امداد کے لیے مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں، جبکہ مقامی لوگ بھی ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close