تعلیمی اداروں میں ہفتے میں 3 چھٹیاں؟ طلبا کے لیے اہم خبر

خیبر پختونخوا کے سرکاری تعلیمی اداروں میں ہفتے میں 4 روزہ ورکنگ ماڈل متعارف کروا دیا گیا ہے، جس کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو اسکول بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صوبے کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے سرکاری اسکولوں کے لیے یہ اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہفتہ وار تعطیلات کے نظام میں تبدیلی کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم اپریل 2026 سے تمام سرکاری اسکول پیر سے جمعرات تک تدریسی عمل جاری رکھیں گے، جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو اسکول بند رہیں گے۔ اس نئے نظام کا مقصد تعلیمی عمل کو مزید منظم بنانا اور وسائل کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 روزہ تعلیمی ہفتے کے دوران نصابی سرگرمیوں کو مکمل کرنے کے لیے یومیہ تدریسی اوقات میں معمولی اضافے کا امکان بھی ہے۔ محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکولوں میں 4 روزہ تعلیمی ہفتے کے حوالے سے نوٹیفکیشنز کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ان خبروں کو ‘جعلی’ اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے طلبہ اور والدین کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ تعلیم نے واضح کیا کہ معاشی دباؤ کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ اب ختم ہو چکا ہے اور تمام اسکول اپنے معمول کے مطابق کھلیں گے۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ نوٹیفکیشن پر یقین کرنے کے بجائے اسکول آئیں اور اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔

محکمہ تعلیم نے یہ بھی کہا کہ آن لائن یا ہائبرڈ کلاسز کے حوالے سے کوئی فیصلہ زیرِ غور نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے 10 مارچ سے بند کیے گئے تھے، جس کا نوٹیفکیشن محکمہ تعلیم نے 9 مارچ کو جاری کیا تھا۔ ان تعطیلات میں عید الفطر کی چھٹیاں بھی شامل تھیں، جبکہ اسکولوں کی بندش کا بنیادی مقصد ملک میں جاری معاشی دباؤ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی لانا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 31 مارچ تک کی بندش کے بعد اب تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تدریسی عمل مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور والدین و اساتذہ نے اسکولوں کی واپسی کا خیرمقدم کیا ہے تاکہ بچوں کے تعلیمی حرج کا ازالہ کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close