خیبر پختونخوا کے شہر Bannu میں دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس افسر شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ ہوید کی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران اے ایس آئی دلنواز خان شہید ہو گئے۔ حملہ آوروں نے پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی۔
واقعے کے بعد پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔ شہید اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ Bannu میں دہشتگردی کے متعدد واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے بڑے حملوں کو ناکام بنایا۔
6 مارچ کو پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشترکہ کارروائی کے دوران شہر میں تباہی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنائے تھے۔ ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق مجموعی طور پر 150 کلو گرام بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنایا گیا۔ ایک واقعہ تھانہ بکا خیل کی حدود میں میرانشاہ پل کے نیچے پیش آیا جہاں 140 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، جبکہ دوسرے واقعے میں لکی پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر 10 کلو وزنی بم نصب کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق ان کارروائیوں کے ذریعے شہر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی، جسے بروقت اقدامات سے ناکام بنا دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






