آزاد کشمیر کابینہ کا اہم اجلاس، کفایت شعاری اقدامات اور متعدد فیصلوں کی منظوری

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے آغاز میں افواج پاکستان کے شہداء، ایران کے رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس میں حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر معاشی ناہمواریوں کے تناظر میں وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ، آزادجموں و کشمیر کابینہ نے اس موقع پر حالیہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی کابینہ کے فیصلوں کو بھرپور انداز میں سراہا ، آزادجموں و کشمیر کابینہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری پالیسی کے تحت آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری محکموں کے زیر استعمال گاڑیوں میں پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال پر 50 فیصد کٹوتی کرنے کافیصلہ کیا تاکہ تیل کی بچت ہو سکے، کابینہ فیصلے کے مطابق آئندہ دو ماہ کے لیے حکومت کے وزراء، مشیران، معاونین خصوصی تنخواہیں نہیں لیں گے، اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں سے 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی، آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے فیصلے کے مطابق 20 گریڈ اور اس سے اوپر کے ایسے سرکاری افسران جن کی تنخواہ تین لاکھ سے زیادہ ہے، ان کی چار دن کی تنخواہ کی کٹوتی کر کے عوامی ریلیف دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا، اس کے علاوہ دیگر اخراجات میں بھی 20 فیصد کمی کی جا رہی ہے

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری محکموں میں فرنیچر، ایئرکنڈیشنر اور اس نوعیت کی اشیا کی خریداری پر مکمل پابندی ہو گی، کسی بھی طرز کی ضروری خریداری سے قبل کابینہ سے منظوری ناگزیر ہو گی ، آزاد کشمیر کے وزرا، مشیران، معاونین اور افسران کے غیرملکی دوروں پر مکمل پابندی ہو گی۔تمام سرکاری محکموں میں ٹیلی کانفرنسنگ اور آن لائن میٹنگز کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے، سرکاری عشائیوں اور افطار پارٹیوں پر ون ڈش یقینی بنائی جائے گی ، سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے کانفرنسز ہوٹلوں کے بجائے سرکاری جگہوں پر ہی منعقد ہوں گی، ایندھن کی بچت کے لیے تمام سرکاری اور نجی اداروں میں بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انتہائی ضروری سروسز اور شعبوں کو چھوڑ کر تمام سرکاری اور نجی اداروں میں 50 فیصد سٹاف گھر سے کام کرے گا، کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے میں صرف چار دن دفاتر کھلیں گے، تیل کی بچت کے لیے ایک اضافی چھٹی دی جا رہی ہے تاہم اس کا اطلاق بینکوں پر نہیں ہو گا۔
تمام سکولوں کو رواں ہفتے کے آخر سے دو ہفتوں کی چھٹیاں دی جا رہی ہیں اور ہائر ایجوکیشن کے تمام اداروں میں آن لائن کلاسوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔سکولوں کو 31 مارچ تک مکمل بند رکھا جائے گا تاہم ہائیر ایجوکیشن سیکٹر میں دستیاب وسائل میں آن لائین کلاسز کا آغاز کیا جائے گا ، علاوہ ازیں آزادجموں و کشمیر کابینہ نے محکمہ صحت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت کے انفرسٹرکچر کی خرید کے لیے 2 ارب کی منظوری بھی دی ، آزادجموں وکشمیر کابینہ نے ریسکیو 1122کے فیلڈ سٹاف اور فیلڈ آفیسران کے لیے رسک آلاوئنس کی منظوری دے دی۔ کابینہ نےمسلح افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پیش کی گئی قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔ قرارداد وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے پیش کی۔ کابیجہ اجلاس میں ایران پر بیرونی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی، وزیراعظم پاکستان کی کفایت شعاری کی پالیسی کو سراہا گیا اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close