سندھ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نے اسکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات دسمبر کے بجائے جنوری میں کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یہ تجویز اس بنیاد پر سامنے آئی ہے کہ حالیہ برسوں میں شدید سردی کا سلسلہ زیادہ تر جنوری کے مہینے میں دیکھا گیا ہے، جب درجہ حرارت نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ آب و ہوا میں تبدیلیوں کے باعث موسم کے پیٹرن میں فرق آیا ہے، جس کے نتیجے میں دسمبر کا موسم نسبتاً معتدل جبکہ جنوری میں تیز ہواؤں اور شدید سردی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان حالات میں طلبہ کی صحت اور حاضری متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
حکام کے مطابق اس معاملے پر محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ اگر تجویز کی منظوری دے دی گئی تو کراچی سمیت سندھ اور ملک کے جنوب مشرقی علاقوں کے اسکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات دسمبر کے آخری دنوں کے بجائے جنوری میں دی جائیں گی۔
موجودہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت اسکول یکم جنوری کو دوبارہ کھل جاتے ہیں، جس کے باعث طلبہ کو سال کی شدید ترین سردی میں اسکول جانا پڑتا ہے۔ حالیہ برسوں میں جنوری کے دوران درجہ حرارت اکثر ایک ہندسے تک گر جاتا ہے، جو بچوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال بھی اسکول موسمِ سرما کی سخت لہر شروع ہونے سے قبل کھل گئے تھے، جس کے بعد تعلیمی حکام نے عارضی طور پر اسکول اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے 12 سے 26 جنوری تک کلاسیں صبح 9 بجے شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تعطیلات کی مجوزہ تبدیلی کا مقصد طلبہ کی صحت، حفاظت اور تعلیمی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






