بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ کی شہری یونین کونسلوں کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر 2025 کو ہوں گے۔ امیدوار 13 سے 17 نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ ابتدائی فہرست 18 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر کے درمیان ہوگی اور امیدوار 28 نومبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ اپیلٹ ٹربیونل تمام اپیلوں پر فیصلے 3 دسمبر تک مکمل کرے گا۔

انتخابی نشانات امیدواروں کو 6 دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے، اور پولنگ 28 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ شیڈول کے بعد ترقیاتی سکیموں کے نئے اعلانات پر پابندی ہوگی، جبکہ سرکاری افسران کے تبادلے بھی انتخابی نتائج کے اعلان تک روک دیے گئے ہیں۔

الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، اور پولیس، ایف سی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کریں گے تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا ووٹ ڈال سکیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور سرکاری اداروں کو انتخابی ضوابط پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی ہے تاکہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات یقینی بنائے جا سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close