پنجاب میں بڑھتی ہوئی سموگ کے پیش نظر صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی اسکول اب صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے، اور کوئی بھی تعلیمی ادارہ اس سے پہلے نہیں کھولا جائے گا۔ یہ فیصلہ بچوں کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ای پی اے ڈاکٹر عمران حمید شیخ کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نیا شیڈول 3 نومبر 2025 سے نافذ ہو گا اور 31 جنوری 2026 تک مؤثر رہے گا۔
احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں پر ایک سے دس لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ ای پی اے کے مطابق صبح کے وقت اسکولوں اور کالجوں کے لیے استعمال ہونے والی ٹریفک سموگ میں اضافے کا ایک بڑا سبب ہے۔
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 301 سے 400 تک پہنچ چکا ہے جو انتہائی خطرناک سطح ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی سے ٹریفک کا دباؤ کم ہونے اور فضائی آلودگی میں کمی آنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






