آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا نام سامنے آگیا

آزاد کشمیر میں سیاسی تبدیلی کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے موجودہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو ہٹا کر چوہدری یاسین کو نیا وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کسی بھی وقت پیش کی جا سکتی ہے۔

آزاد کشمیر کے آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے ساتھ نئے وزیراعظم کا نام دینا لازمی ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت پہلے ہی چوہدری یاسین کو وزارت عظمیٰ کے لیے موزوں امیدوار قرار دے چکی تھی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی ارکان سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انوار الحق کے خلاف اسمبلی کے بیشتر ارکان پہلے ہی ناراض ہیں، جبکہ فارورڈ بلاک کے 9 ارکان اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال میں ان ہاؤس تبدیلی اب چند دنوں کی بات ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں چوہدری یاسین کے نام کی منظوری بلاول بھٹو زرداری نے دی۔ وزارت عظمیٰ کے لیے چار ناموں پر غور کیا جا رہا تھا جن میں چوہدری یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان شامل تھے۔ پارٹی نے بالآخر چوہدری یاسین کو حتمی امیدوار نامزد کیا ہے، اور باقاعدہ اعلان آج رات تک متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close