دفعہ 144 نافذ

سندھ حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت پورے صوبے میں ایک ماہ کے لیے ریلیوں، جلسوں، جلوسوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ اکٹھا ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور اس کا دورانیہ ابتدائی طور پر 30 دن کے لیے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش آئی جی سندھ کی جانب سے کی گئی تھی، جبکہ 11 اکتوبر کو رینجرز نے بھی یہی تجویز پیش کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں ممکنہ بدامنی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

حکومت سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے گریز کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close