تعلیمی ادارے بند، اہم خبر آ گئی

کراچی میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں نے شہر میں تباہی مچا دی ہے۔ ملیر اور لیاری ندیوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ شہر کی اہم شاہراہیں اور چوراہے پانی میں ڈوب چکے ہیں، جس سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا انتباہ
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ماہرِ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق بارش کا سبب بننے والا دباؤ کمزور ہو رہا ہے اور جلد ’ویل مارک ایریا‘ میں تبدیل ہو کر جمعرات تک بحیرہ عرب کی جانب منتقل ہو جائے گا۔

ندی نالوں میں طغیانی، رہائشی علاقے متاثر
شہر کے مضافاتی علاقوں میں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ملیر اور لیاری ندیوں کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ ملیر ندی میں مختلف ندیوں سے آنے والا پانی شامل ہونے کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی ریلے داخل ہو گئے۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

ٹریفک کا نظام درہم برہم
شدید بارش کے باعث شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ شارع فیصل، کورنگی، قیوم آباد، نیپا چورنگی، سوک سینٹر، ایکسپو سینٹر، کالا پل اور گورا قبرستان کے قریب پانی جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئیں۔ اسٹیڈیم کے سامنے پانی جمع ہونے سے بھی شدید ٹریفک جام رپورٹ ہوا ہے۔

موٹروے ایم 9 متاثر، ٹریفک بحال
بارشوں کے بعد تھڈو ڈیم اوورفلو کر گیا جس کے باعث سپر ہائی وے کے اطراف پانی جمع ہوگیا تھا۔ موٹروے پولیس کے مطابق پانی کی سطح موٹروے کے کنارے سے ٹکرا گئی تھی اور ٹریفک کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔ تاہم، پانی کی سطح کم ہونے کے بعد کراچی-حیدرآباد ایم 9 موٹروے کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، ایمرجنسی نافذ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو فوری ریسکیو آپریشن اور سڑکوں کی صفائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ گڈاپ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر میمن گوٹھ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ریسکیو آپریشن جاری
ریسکیو 1122 اور پاک فوج کی مشترکہ کارروائیوں میں مختلف علاقوں سے درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

  • سعدی ٹاؤن سے 10 افراد

  • صائمہ سوسائٹی کے قریب سے 11 افراد (جن میں بچے، خواتین اور مرد شامل تھے)

  • نشر بستی اور عیسیٰ نگری سے 8 افراد

  • سہراب گوٹھ لاسی پاڑہ سے 20 افراد

  • گلشن اقبال میں لیاری ندی کے قریب پھنسے 2 افراد کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق تمام متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔


تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close