حیدرآباد میں مسلسل تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ پانچ گھنٹوں سے جاری ہے جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
بارش کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے آج منگل کے روز تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسکولز و کالجز کی بندش کا فیصلہ طلبہ و طالبات کی حفاظت اور آمد و رفت میں مشکلات کے پیش نظر کیا گیا۔
دوسری جانب شہر کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ اگرچہ متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے،
تاہم ہیرآباد اور پبلک ہیلتھ فیڈر گزشتہ رات 8 بجے سے بند ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
قاسم آباد سے گزرنے والا نالہ مسلسل بارش کے باعث اوور فلو ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں نسیم نگر چوک کے مقام پر نالے کا پانی سڑک پر پھیل گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں