رحیم یار خان کے قریب کوٹسمابہ کے علاقے میں جمعرات کی سہ پہر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ریسکیو 1122 کی گاڑی اور سامنے سے آنے والی مسافر بس میں شدید تصادم ہوا۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی۔
حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں 4 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور امدادی ادارے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے، اور لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ جائے حادثہ پر ریسکیو کارروائی مکمل ہونے کے بعد ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ریسکیو 1122 کی گاڑی صادق آباد کی طرف جا رہی تھی، جب کہ مسافر بس صادق آباد سے خان پور کی جانب رواں دواں تھی۔ دونوں گاڑیاں کوٹسمابہ کے قریب آمنے سامنے آ گئیں اور شدید تصادم کا شکار ہوئیں۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں نے سڑکوں پر حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں