کراچی: لیاری کے علاقے میں بغدادی میں گرنے والی رہائشی عمارت کا 95 فیصد ملبہ ہٹا لیا گیا، ملبے سے اب تک 26 لاشیں برآمد کی گئیں۔
انچارج ریسکیو 1122 ساؤتھ حمیر احمد نے بتایا کہ لیاری میں گرنے والی عمارت کا 95 فیصد ملبہ ہٹا دیا گیا، ملبے سے 26 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
حمیر احمد نے بتایا کہ ملبے میں دبے ایک اور نوجوان کی لاش کی نشاندہی کر لی ہے، نوجوان کی لاش نکالنے کی کوشش احتیاط سے جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کے مطابق نوجوان کی لاش ممکنہ طور پر آخری ہے، ریسکیو حکام کے مطابق ایک رکشہ ڈرائیور کی گمشدگی کی اطلاع بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کی لاش نکالنے کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا، ملبہ ہٹانے کے دوران رکشہ ڈرائیور سے متعلق کچھ معلوم ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ 4 جولائی 2025 کی صبح لیاری کے علاقے بغدادی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 19 افراد دب کر جاں بحق اور خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ملبے سے تین ماہ کی بچی کو زندہ نکالا گیا تاہم ملبے میں دبے دیگر افراد کو نکالنے کیلیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں 30 سے زائد افراد کی ملبے میں دبے ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ریسکیو ٹیمیں مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں