ملک کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق اور 68 افراد زخمی ہوگئے۔
گوجرہ میں ڈجکوٹ روڈ پر ایک مسافر بس تیز رفتاری اور بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 35 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔
شیخوپورہ میں تیز رفتار ٹرک نے دو موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا، حادثے میں 3 موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرک کے بریک فیل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے یہ دلخراش واقعہ پیش آیا۔
پتوکی میں لاہور سے ملتان جانے والی تیز رفتار مسافر بس گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں بس ڈرائیور سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
گھوٹکی میں گڈو لنک روڈ پر اوباڑو سے کشمور جانے والی مسافر وین تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حیدرآباد میں سینٹرل جیل کے قریب کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ لیڈی ڈاکٹر سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دیپالپور میں حویلی لکھا روڈ پر ایک موٹر سائیکل سوار خاندان کو نجی کالج کی کوسٹر نے ٹکر مار دی، حادثے میں باپ جاں بحق جبکہ بیٹا اور بیٹی زخمی ہو گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں