شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی کے رائیڈر سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مختلف مقامات سے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق پہلا حادثہ تین تلوار کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے کار سوار کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسرا افسوسناک واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک گاڑی کی ٹکر سے آن لائن فوڈ سروس کمپنی کا رائیڈر مرتضیٰ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور عثمان شاہ کو گرفتار کر کے گاڑی سمیت درخشاں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
تیسرا حادثہ شارع فیصل کارساز کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں نوجوان شمعون جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہو گئی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
چوتھا واقعہ قیوم آباد جام صادق پل پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار شخص کو کچل دیا، جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مرنے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
پولیس نے تمام واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ حادثات میں ملوث گاڑیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور تیز رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں