درگاہ لعل شہباز سے کروڑوں روپے کا سونا چوری ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت

کراچی(پی این آئی)سیہون میں درگاہ قلندرؒ لعل شہباز سے کروڑوں روپے کا سونا اور چاندی چوری ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
ترجمان وزیر اوقاف کے مطابق درگاہ قلندرؒ لعل شہباز سے سونا اور چاندی چوری ہونے کے بعد مینیجر زبیر بلوچ کو معطل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر اوقاف سکھر کی مدعیت میں ضلع جامشورو میں درج کیے جانے والے مقدمے میں مینیجر زبیر بلوچ کے ساتھ مفرور ملازم علی رضا گوپانگ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق درگاہ قلندرؒ شہباز سے 57 تولا 7 آنا سونا اور 3133 تولا 12 آنا 2 رتی چاندی توشہ خانہ سےچوری کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق زبیر بلوچ نے علی رضا گوپانگ کی ملی بھگت سے خرد برد کی اور سونا چوری کیا۔دوسری جانب محکمہ اوقاف سندھ نے وزیرعمر سومرو کی ہدایت پر زبیر بلوچ سے ریکوری اور کارروائی کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے جبکہ عمر سومرو نے بتایا کہ زبیر بلوچ کو معطل کردیا گیا ہے اور اس کی تنخواہ پینشن روک دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق درگاہ پر تعینات دیگرملازمین کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close