کوہاٹ، واپڈا ایس ڈی او فرعون بن گیا، ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کے بجائے ٹرانسفارمر ہی اتار کر لے گیا، لوگ شدید گرمی میں پریشان

کوہاٹ(پی این آئی) کوہاٹ کی تحصیل لاچی کا واپڈا ایس ڈی او فرعون بن گیا، ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کے بجائے چند لوگوں کے بلز کی عدم ادائیگی کا بہانہ بنا کر ٹرانسفارمر ہی اتار کر لے گیا، علاقہ میں بجلی نہ ہونے اورشدید گرمی کے باعث اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکار، متاثرین علاقہ کا وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواوفاقی وزیر پانی و بجلی، چیئرمین واپڈا اور ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

 

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کی ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقہ محلہ پویا بوڑی ساغری کا ٹرانسفارمر گذشتہ دنوں جل گیا تھا جس پر معززین علاقہ حاجی سپین گل نیکہ و دیگر مشران نے واپڈا حکام سے رابطہ کیا تو واپڈا حکام نے معززین علاقہ کو بجلی کے بلز لانے کا مطالبہ کیا جس پر اہل علاقہ اپنے بلز لیکر متعلقہ حکام کے پاس گئے تو ایس ڈی او لاچی نے چند افراد کی طرف سے بلز جمع نہ کروانے کا بہانہ بنا کر فرعونیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سٹاف کو ٹرانسفارمر اتارنے کر لانے کا حکم جاری کر دیا جس پر واپڈا اہلکارگذشتہ روز کھمبوں سے تارین تک اتار کر ساتھ لے گئے ہیں، جس سے اس شدید گرم موسم میں بجلی نہ ہونے سے اہل علاقہ شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہیں جب کہ بچوں کے میٹرک کے امتحانات بھی سر پر آن پہنچے ہیں جس سے انکی تیاری میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

 

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ واپڈا اہلکارعلاقے میں باقاعدگی سے میٹر ریڈنگ کرنے نہیں آتے اور اندازے پر بلز بھیج دیتے ہیں حالانکہ علاقے کے کئی خاندان روزگار اور دوسری مصروفیات کی بنا پر وہاں رہائش پذیر بھی نہیں ہیں اور انکے گھر عرصہ دراز سے بند پڑے ہوئے ہیں مگر انکے بھی ہر ماہ بھاری بھر کم بلز باقاعدگی کیساتھ آرہے ہیں جن کی واجب الادا رقوم لاکھوں تک پہنچ چکی ہیں،اہل علاقہ نے وزیراعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ کے پی کے، وفاقی وزیر پانی و بجلی ، چیئرمین واپڈا سمیت تمام ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ناانصافی کا نوٹس لیتے ہوئے اہل علاقہ کو انکا بنیادی حق فراہم کرتے ہوئے بجلی کی فوری بحالی کی جائے بصورت دیگر اہل علاقہ شدید احتجاج سمیت دیگر آپشن بروئے کار لانے میں حق بجانب ہونگے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close