حکومت خواتین کے حوالے سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے کنونشنز کی فوری توثیق کرے۔ چوہدری محمد یٰسین

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا، اس سلسلے میں ملک بھر کے بڑے شہروں میں مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے جس میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن، حکومت پاکستان، وزارت محنت و انسانی وسائل، ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان اور پاکستان

ورکرز فیڈریشن کے مزدور رہنماؤں کے علاوہ خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی،خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، صدر چوہدری نسیم اقبال، چیئرمین عبدا لسلام بلوچ، مزدور رہنما محمد ظہور اعوان، آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے نیشنل کورآڈینیٹر شوکت علی انجم و دیگر مزدور رہنماوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ خواتین کا عالمی دن منانے کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اوریہ دن خواتین کی صلاحیت اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بھی منا یا جاتا ہے،انھوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کل آبادی کا 49 فیصد ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں ہونے کے باوجود خواتین کو برابری کی سطح پر ملازمت و دیگر مراعات میں مواقع نہیں دیے جاتے ہیں، اس حوالے سے پاکستان نے لیبر قوانین بنائے ہیں لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے جسکی وجہ سے پاکستان میں خواتین کے ساتھ جنسی تشدد اور ہراساں کرنے کے واقعات میں روز بروز اضا فہ ہو رہا ہے، ڈومیسٹک، ہوم بیسڈ اور زراعت کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کے لیے کوئی قانونی تحفظ نہیں ہے اور نہ قانون سازی کی جار ہی ہے، اس موقع پر مزدور رہنماؤں نے حکومت پاکستان اور

متعلقہ اداروں کے حکام سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے ساتھ کام کی جگہ پر اور گھریلو زیادتی، عصمت دری اور نام نہاد غیریت کے جرائم سے لے کر، زبردستی تبادلوں، سمگلنگ اور ہراساں کرنے تک کے ہر قسم کے تشدد ختم کیے جائیں اور اس حوالے سے آئی ایل کے کنونشنزکی فوری توثیق کی جائے تا کہ خواتین کو قانونی تحفظ مل سکے، ڈومیسٹک ورکرز، ہوم بیسڈ ورکرز اور زراعت کے پیشے سے وابستہ خواتین کے حوالے سے فوری طور پر قانون سازی کی جائے اور سماجی تحفظ کے اداروں میں رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے، اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے ساتھ ہونے والے جنسی تشدد اور ہراساں کرنے کے واقعات پر سختی سے نوٹس لیا جائے اور لیبر قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اس حوالے سے پاکستان ورکرز فیڈریشن حکومت پاکستان، آئی ایل او اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرئے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close