اسلام آباد (پی این آئی) ڈیویلپمنٹ کمیونیکیشنز نیٹ ورک(ڈیوکام پاکستان) نے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور نیشنل کلینر پروڈکشن سنٹر کے تعاون سے دو سو پودے لگا کر پاکستان کے پہلے پبلک فروٹ گارڈن کا افتتاح کر دیا ہے۔ادارے کے سربراہ منیر احمد نے بتایا کہ دوسرے
مرحلہ میں ا س فروٹ گارڈن میں مزید تین سو پودے لگائے جائیں گے اور اس کی حفاظت کے لیے باڑ بھی لگائی جائے گی۔ سماجی کارکن اس باغ کے معاملات کی نگرانی کریں گے تا کہ متعلقہ اداروں کو بر وقت مطلع کیا جا سکے۔ اس موقع پربات کرتے ہوئے مہمان خصوصی میئر اسلام آبادانصر عزیز شیخ نے کہا ڈیویلپمنٹ کمیونیکیشنز نیٹ ورک (ڈیوکام پاکستان) نے پاکستان کے پہلے پبلک فروٹ گارڈن کا آغاز کر کے جشن آزادی کے رنگوں کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ شہریوں اور سماجی تنظیموں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے تمام ادراوں اور شہریوں کو ساتھ چلنا ہے۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن اپنے محدود وسائل سے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنی کی کوشش کر رہی ہے اگر وفاق تعاون کرے تو بہت سارے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چئیر پرسن سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا درختوں کو بچانا اور نئے درخت لگانا ہی آج کے ماحولیاتی مسائل کا واحد حل ہے۔ حکومت صرف پودے لگانے میں مصروف ہے اور مافیا درخت کاٹنے میں، ایسے میں شہریوں کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے، نہ صرف نئے پودے لاگانے ہیں بلکہ درختوں کو بچانا بھی ہے۔ انھوں نے ڈیویلپمنٹ کمیونیکیشنز نیٹ ورک (ڈیوکام پاکستان) کی رضاکارانہ سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا معروف ماحولیاتی ماہر منیراحمد کی سربراہی میں مختلف اداروں نے مل جل کر کام کیا ہے اور کئی اہم شروعات کی ہیں۔ پاکستان کے پہلے پبلک فروٹ گارڈن کا افتتاح بھی ان میں سے ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی مئیر ذیشان نقوی، ممبر پیمرا فرح عظیم شاہ، رفعت آرا بیگ اور لیو کلب کے صدر حارث منیر نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں