باجوڑ کے لوگوں کے لیے خوشخبری، باجوڑ میں قائم گرڈ اسٹیشن بالاآخر 132کے وی پرکر دیا گیا، 15 اگست سے بجلی کی باقاعدہ فراہمی شروع ہو جائے گی

باجوڑ ( آفتاب احمد)باجوڑ میں قائم گرڈ اسٹیشن بالاآخر 132کے وی پرکر دیا گیا،15 اگست سے باقاعدہ بجلی سپلائی کرسکے گا۔آبادی کی اعتبار سے تمام قبائلی اضلاع سے گنجان آباد قبائلی ضلع باجوڑ میں بجلی کی بنیادی ضرورت پورا کرنے کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ۔ ضلع دیر تیمرگرہ سے بچھائی

جانے والی مین ٹرانسمیشن لائن مکمل کردی گئی ہے ۔نصف صدی سے قائم گرڈاسٹیشن کو اپ گریڈ کرکے تمام تنصیبات مکمل کردی گئی ہیں ۔مین ٹرانسمیشن لائن اور گرڈ اسٹیشن میں ٹیکنیکل کام پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بعد مقامی سطح پر متعدد علاقوں کو گرڈ اسٹیشن سے نئ لائنوں کے بچھائے جانے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ایکسیئن کنسٹرکشن محمد ارشاد اور ایس ڈی او محمد اسماعیل نے پاکستان نیوز انٹرنیشنل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا کنسٹرکشن نے ضلع باجوڑ میں قائم گرڈ اسٹیشن کی توسیعی کام تقریبا مکمل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا کام تیمرگرہ سے باجوڑ خار تک مین ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا تھا جو کہ مکمل کردیا گیا ہے ۔گرڈاسٹیشن میں تمام مطلوبہ تنصیبات مکمل کردی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر متعدد علاقے جہاں پر بجلی پہنچانے میں مشکلات کا سامنا تھا وہاں پر چھوٹی لائنوں کے بچھائے جانے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ مقامی سطح پر بچھائی جانے والی چھوٹی لائنیں اگلے چند دنوں مکمل ہوجائیں گی جس کے ساتھ نئی توسیعی گرڈ اسٹیشن سے صارفین کو بجلی کی ترسیل باقاعدہ شروع ہوجائے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عید کے بعد 15 اگست کو اس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا جس کے بعد ضلع باجوڑ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پایا جاسکے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close