15 اگست سے ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ، حکومت نے توجہ نہ دی ازخود نجی تعلیمی ادارے کھول دیں گے، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس

اسلام آباد(پی این آئی) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے حکومت سے 15 اگست سے ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے مسئلے کی سنگینی کا ادراک نہ کیا تو دینی مدارس کی طرح ازخود نجی تعلیمی ادارے کھولنے پر مجبور ہو جائیں گے

جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی آواز بننے پر جماعت اسلامی اور وفاق المدارس کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر ملک ابرار حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں مرکزی عہدیداروں بشمول جنرل سیکرٹری اشرف ہراج، صوبائی صدرپنجاب الیاس کیانی ،سینئر نائب صدر ملک دین محمد اعوان، نائب صدر رانا سہیل سمیت ذولفقار علی صدیقی، محمد ابراہیم، عثمان کیانی، قاسم عباس، رفاقت شاہ ،جاوید اقبال راجہ ،ملک حفیظ، شبانہ وحید، نسیم اختر، میڈم ریحانہ و دیگر ممبران نے بھرپور شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ کورونا کے نام پر تعلیمی اداروں کی بندش سے لاکھوں اساتذہ بے روزگار جبکہ سینکڑوں نجی تعلیمی ادارے بند ہوتے جا رہے ہیں ایسے میں وہ خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے۔انہوں نے کہا ہم وفاق المدارس کے بہت مشکور ہیں جنہوں نے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اسی طرح جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور سینیٹر مشتاق نے بھی سینیٹ کے اجلاس میں نجی سکولوں کا مسئلہ اجاگر کیا ہے جس پر ان رہنماؤں کے بےحد مشکور ہیں ۔ملک ابرار حسین نے بتایا کہ وفاق المدارس اور نجی تعلیمی اداروں کی تنظیمات کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر بھی انہوں نےایک ہی دن تمام نجی سکولز کھولنے کی تجویز دی تھی اسی طرح آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں بھی یہی تجویز پیش کی ہے جس کی صدارت کاشف مرزا نے کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک بھر کی نجی تنظیموں کے عہدیداروں سے بالمشافہ ملاقات کریں گے اور اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ہفتہ کو صوبہ خیبرپختونخوا کا بھی دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ہی دن یعنی پندرہ اگست سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ملک بھر کے تمام تعلیمی ماہرین و رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ باہمی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں