آج جس مقام پرکھڑا ہوں وہ قائد میاں محمد نواز شریف، اور وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے اعتماد کی بدولت ہے، آزاد کشمیر کے وزیر وائلڈ لائف فشریز راجہ جاوید اقبال کی میڈیا سے گفتگو

مظفر آباد (پی این آئی) آزاد ریاست جموں وکشمیر کے وزیر وائلڈ لائف فشریز راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر کی ریاستی عوام کے تشخص، عزت،وقار اور حقوق کیلئے جدوجہد تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی، مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی

ناقابل قبول ہے، پاکستان کو درپیش سنگین مسائل سے چھٹکارہ مسلم لیگی قیادت ہی دلا سکتی ہے، میں آج جس مقام پرکھڑا ہوں وہ قائد میاں محمد نواز شریف، اور وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے اعتماد کی بدولت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر حکومت راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ میں نے سیاست کو ہمیشہ عوامی خدمت کے طور پر لیا، پارٹی اور اپنی قیادت کے ساتھ مشکل ترین وقت میں بھی کھڑا رہا اور آئندہ بھی ہر قسم کے حالات میں اپنی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا رہوں گا، میراسیاسی کارکنوں کو واضح پیغام ہے کہ وہ ہر قسم کے حالات میں اپنی قیادت اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں تو سیاست میں کامیابی انکا مقدر ہو گی جبکہ فصلی بٹیروں اور اچھل کود کرنے والوں کا سیاسی مستقبل کبھی تابناک نہیں ہو سکتا، وزیر حکومت راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان آزادکشمیر کو چار سالوں میں معاشی خود کفالت کی منزل پر لائے، 13ویں ترمیم کے ذریعے حکومت کو خود کفیل و بااختیار بنایا اور اب ان ایشوز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا انہوں نے کہا کہ چودہویں ترمیم کے حوالے سے ابھی کوئی مسودہ فائنل نہیں ہوا اس ضمن میں ہمارے وزیر اعظم کا بڑا جاندار اور دوٹوک موقف ہے جس کے ساتھ پوری کابینہ، پارلیمانی پارٹی اور ریاستی عوام کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس وقت معیشت مشکلات کا شکار ہے اور ٹیکس کے اہداف پورے نہیں ہوئے لیکن آزادکشمیر کے اندر ٹیکس اہداف سے زیادہ وصول ہونا یہ بات ثابت کرتی ہے کہ حکومت نے بہترین مالیاتی نظم و ضبط قائم کیا جس کی وجہ سے یہ سنگ میل عبور ہوا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تاحال کشمیریوں کو جینے کا حق دلوانے میں ناکام ہے، کشمیری پانچ اگست 2019 سے اپنے گھروں میں قیدیوں کی زندگی بسر کررہے ہیں، بھارت کا ریاستی ظلم و ستم جاری ہے، کوئی دن نہیں جاتا کہ مقبوضہ وادی جموں و کشمیر میں بھارتی فوج و پولیس کے ہاتھوں کوئی شہادت نہ ہوتی ہو، کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، کشمیری بچیوں کی منظم آبرو ریزی کی جاتی ہے،لیکن افسوس کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر عالمی اداروں کا رویہ جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور میں یکسر مختلف تھا، ان اداروں نے راتوں رات جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور میں نئی ریاستیں کھڑی کردیں لیکن میانمار، فلسطین اور بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم یا تو ان اداروں کو نظر ہی نہیں آتے اور اگر یہ مظالم حد سے بڑھ جائیں تو یہ محض ایک خط لکھ کر مجرمانہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، انہوں نے کہا کشمیری عوام کی منزل پاکستان ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے نجات حاصل کرتے ہوئے پوری ریاست میں سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close