پنجگور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے لیے مظاہرہ

پنجگور ( پی این ائی ) انٹرنیٹ سروس کی بندش اور ایچ ای سی کی جانب سے آن لائن کلاسز کے خلاف بلوچ اسٹوڈنٹس پنجگور کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ریلی شہید جاوید چوک سے شروع ہوکر اہم شاہراہوں سے گزرتی ہوئی پنجگور پریس کلب کے سامنے پہنچی۔ریلی کی قیادت مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے

کی۔ احتجاجی مظاہرے سے بلوچ اسٹوڈنٹس پنجگور کے رہنما ڈاکٹر مشتاق مہیم، دانش ممتاز ،فہد آصف،زیرک بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا ایچ ای سی نے جو آن لائن کلاسز شروع کر نے کا اعلان کیا اس پر ہمیں اعتراض نہیں ہے لیکن اس سے بلوچستان بھر کے ہزاروں طلباء محروم ہیںکیونکہ مکران سمیت دیگر کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہےجسکی وجہ سے سے طلباء اور طالبات آن لائن کلاسز نہیں لے سکتے اور ان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ ایچ ای سی نہیں زمینی حقائق اور علاقائی حالات کو دیکھے بغیر آن لائن کلاسز شروع کر دیں۔ مقررین نے کہا پنجگور میں نہ انٹرنیٹ ہے نہ بجلی کا موثر نظام ہے۔ عرصہ دراز سے پنجگور میں تمام موبائل سروس کے 3جی اور 4جی بند کر دئے گئے ہیں ۔بجلی کی بھی 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جوکہ ہمارے عوام اور بالخصوص طلباء کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے ۔مکران ڈویژن سمیت صوبے کے کئی علاقے تعلیمی پسماندگی کے شکار ہیں ۔ ہزاروں بچے تعلیمی اداروں سے دور ہیں جنکی وجہ سے ان بچوں کا مستقبل تاریک نظر آرہاہے لیکن تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے والدین سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگ کردار ادا کریں ۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ پنجگور میں انٹرنیٹ سروسز کو فوری بحال کر کے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close