مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے اہم خبر ! مشکلات میں مزید اضافہ

مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ، محض ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا کہ محض ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 12.15 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کل 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ڈیزل کی قیمت میں 54.71 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 17.86 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

روزمرہ استعمال کی اشیاء میں ٹماٹر 9.35 فیصد، ایل پی جی 8.61 فیصد اور آلو 4.13 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ انڈے 3.77 فیصد، بیف 1.07 فیصد، مٹن 1.05 فیصد اور بریڈ کی قیمت میں 0.47 فیصد اضافہ ہوا۔

مہنگائی کے اس رجحان کے باوجود 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی ، لہسن 3.78 فیصد اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے جبکہ دیگر اشیاء میں چکن کی قیمت میں 1.05 فیصد، آٹا 0.73 فیصد جبکہ گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close