عمران خان نے جیل سے پی ٹی آئی کو اہم پیغام بھجوا دیا

اسلام آباد: عمران خان اور ان کے وکیل سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر بیرسٹر سلمان صفدر نے آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تقریباً ایک گھنٹے ملاقات کی، تاہم ملاقات کے بعد وہ میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سلمان صفدر کے ذریعے پارٹی کو جلسہ منسوخ کرنے کا پیغام دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی صورتحال سے بھی آگاہ تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے پیش نظر جلسہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی، جبکہ سیاسی کمیٹی اس حوالے سے پہلے ہی فیصلہ کرچکی تھی۔

مزید بتایا گیا کہ حکومتی وفد کی جانب سے جلسہ منسوخ کرنے کی درخواست سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد سامنے آئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے سلمان صفدر کو بتایا کہ ان کی متاثرہ آنکھ میں کافی بہتری آچکی ہے اور انہوں نے صحت یا جیل سہولیات سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی۔

اس کے علاوہ سلمان صفدر نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف زیر سماعت اپیل سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا اور مختلف قانونی امور پر تفصیلی مشاورت بھی مکمل کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close