ملک گیر جلسوں کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کا اعلان کردیا۔

 

اعلامیے کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کشیدگی اور بلوچستان پر تفصیلی غور کیا گیا، ایران اور امریکا جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا، خطے میں امن کی امید ظاہر کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے لبنان، شام اور غزہ مسائل کا حل ناگزیر قرار پایا، پاکستان، افغانستان مذاکرات خوش آئند، جنگ نہیں مکالمہ ہی حل ہے۔

شرکا نے حکومت سے سیاسی مکالمہ، قانون کی حکمرانی اور مفاہمت کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا، بلوچستان میں آپریشن بند کرنے اور بلوچ یکجہتی کمیٹی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا، اختر مینگل کے خلاف مقدمات ختم کرنے اور وسائل کے منصفانہ استعمال پر زور دیا گیا۔

شرکا نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور  بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، عدالتوں سے بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر روزانہ سماعت کی اپیل ہے اور سیاسی قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کا مطالبہ ہے۔اجلاس نے یکم مئی پر ملک بھر میں مزدوروں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کا اعلان بھی کیا۔ پنجاب و سندھ میں تنظیمی کمیٹیاں قائم کی گئیں، پنجاب میں ڈاکٹر عمار علی جان اور سندھ میں سید زین شاہ کو ذمہ داریاں سونپی گئی، مورو کیس کے گرفتار کارکنان کی رہائی اور سندھ میں دفعہ 144 ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، آئین کی بالادستی، جمہوریت اور عوامی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close