قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ نواز شریف، زرداری اور عمران خان مل کر بیٹھیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ملکی بڑی سیاسی قیادت نواز شریف، آصف علی زرداری اور عمران خان سمیت سب مل کر بیٹھیں۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک کا موجودہ نظام اب بیٹھ چکا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کو مسائل کا ذمہ دار قرار دینا اب بند کرنا ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی حل نہیں نکلے گا۔
قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو توڑنے میں ناکامی کے بعد اب بات چیت کی طرف آئیں۔ تمام سیاسی جماعتیں مل کر چار پانچ متفقہ نکات تیار کریں اور سب اس ایوان میں متفق ہونے کے بعد مل کر قومی حکومت بنائیں۔
ایک پاگل آدمی پوری دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ہمیں اپنے ملک اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو دیکھنا ہوگا۔ ملک کے دو صوبوں میں اس وقت صورتحال بہت خراب ہے۔ مشترکہ سوچ اور نکات سے ہی ملک کو مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






