کراچی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر سکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ فیس میں اضافے پر پابندی عائد کردی، پرائیویٹ اسکولز اور والدین کی جانب سے چلنے والی ٹرانسپورٹ پر کرایہ بڑھانے کی اجازت نہیں،ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود طلبہ ٹرانسپورٹ چارجز برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے روکنے کے لیے سخت احکامات جاری کرتے ہوئی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام تعلیمی اداروں کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،سکول انتظامیہ یا نجی انتظام کے تحت چلنے والی ٹرانسپورٹ، دونوں پر فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ سکولوں کو طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروسز کا مکمل ڈیٹا لازمی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا کہ تمام وینز اور ٹرانسپورٹ سروسز کی تفصیلات حکومت کو جمع کرائی جائیں، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوسکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






