محکمہ موسمیات نے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی

پشاور: پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 9 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے پیشِ نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 اور 8 اپریل کو مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بالخصوص چترال، سوات، ایبٹ آباد اور کوہستان جیسے اضلاع میں فلیش فلڈنگ جبکہ پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

حکام نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے، جس کے باعث کسانوں کو بروقت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close