وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اشارہ دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور توانائی کی بچت کو یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ ملک میں جاری توانائی کا بحران صرف تیل کی فراہمی تک محدود نہیں رہا بلکہ گیس اور فرنس آئل کی دستیابی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں سردار اویس لغاری نے کہا کہ ایندھن کی دستیابی میں اتار چڑھاؤ براہِ راست بجلی پیدا کرنے کی لاگت پر اثر انداز ہوتا ہے اور اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو بجلی کے ٹیرف میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت قومی توانائی کے نظام پر دباؤ کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے اور مارکیٹ اور کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت بھی شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے عوام اور کاروباری برادری سے اپیل کی کہ وہ بجلی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور توانائی کی بچت کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں پر مزید مالی بوجھ نہ پڑے اور توانائی کے بحران کے اثرات کم سے کم ہوں۔
اویس لغاری نے یہ بھی کہا کہ نیپرا پہلے ہی سرکاری بجلی گھروں کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کروڑوں روپے کے جرمانے عائد کر چکا ہے۔ حکومتی حکام آئندہ چند روز میں صوبوں کے ساتھ مشاورت مکمل کریں گے تاکہ توانائی کے شعبے کو مستحکم کیا جا سکے اور بجلی کے یونٹ کی قیمت میں ممکنہ اضافے سے بچنے کے لیے کوئی ٹھوس حل نکالا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






