پاکستان میں دہشت گردی کا گھناؤنا منصوبہ, افغان طالبان بے نقاب

پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے منصوبوں کے باعث افغان طالبان رجیم کا چہرہ مزید واضح ہوتا جا رہا ہے۔

افغان میڈیا آماج نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان رجیم پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جبکہ فتنۃ الخوارج کو مضبوط بنا کر پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

طالبان نے شمالی افغانستان میں فتنۃ الخوارج کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم کو تیز کر دیا ہے، اور یہ مہم اب گھروں تک پھیل چکی ہے، جس کے باعث پہلے ہی معاشی بحران کا شکار افغان عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علاقائی عمائدین کو عوام سے جبری طور پر رقم اکٹھی کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ مقامی افراد پر مالی معاونت کے لیے شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق طالبان کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی اور عسکری مدد پورے خطے کے لیے ایک مسلسل چیلنج بنی ہوئی ہے۔

خطے کی صورتحال پر نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جاری معاشی بحران کے باوجود عوام کے لیے آنے والی عالمی امداد بھی دہشت گردوں کی معاونت کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

افغان طالبان رجیم کے یہ اقدامات خطے کے امن اور استحکام کے لیے نہایت خطرناک قرار دیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close