جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر تک پہنچنے پر آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان، حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو “عوام پر پٹرول بم” قرار دیتے ہوئے آج سے ملک بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت 458 روپے تک پہنچانا غریب اور مڈل کلاس طبقے پر سراسر ظلم ہے۔
انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی تلے دب رہے ہیں اور دوسری طرف حکمران اپنی عیاشیاں، مہنگے جہاز اور قیمتی گاڑیاں چھوڑنے کو تیار نہیں۔ یہ سارا بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈالا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی کو ختم کیا جانا چاہیے تھا، لیکن حکومت نے اسے برقرار رکھ کر عوام کا معاشی قتل کیا، اور پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے ملک کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور حالات بدلنے کے لیے جدوجہد کا حصہ بنیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک کے ذریعے حکمرانوں کو ان کے عوام دشمن فیصلوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






