ایل پی جی مافیا نے قیمت میں من مانا ہوشربا اضافہ کردیا

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور ممکنہ توانائی کے بحران کے دوران پاکستان میں ایل پی جی مافیا نے گیس کی قیمت میں من مانا اور ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 304 روپے 28 پیسے فی کلو مقرر کی ہے، تاہم لاہور سمیت ملک بھر میں مافیا نے 450 روپے سے زائد فی کلو وصولی شروع کر دی ہے۔ لاہور سمیت کسی بھی شہر میں ایل پی جی اوگرا کی مقررہ قیمت پر دستیاب نہیں ہے، اور عوام کو 146 روپے فی کلو مہنگی ترین ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے فی کلو قیمت 470 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ایل پی جی مافیا نے قیمتیں بڑھا کر چند روز میں اربوں روپے کی غیر قانونی کمائی کی ہے، جبکہ اس صورتحال میں اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی فوری کارروائی نظر نہیں آ رہی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں روزانہ 6 ہزار میٹرک ٹن سے زائد ایل پی جی فروخت ہوتی ہے۔

ایکسپریس نیوز نے مہنگی فروخت کے حوالے سے دکاندار گوہر سے بات کی، جس میں انہوں نے کہا کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے ہمیں اوگرا کی مقررہ قیمت پر گیس نہیں دی جاتی، اور آج مجھے 443 روپے کے حساب سے ملی ہے، میں کیسے 304 روپے میں فروخت کروں؟ سب دکانداروں کو پکڑا جاتا ہے، جبکہ مافیا دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے، ان کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔ ہمیں اوگرا کی مقررہ قیمت پر ایل پی جی فراہم کی جائے تو ہم فروخت کریں گے۔

رکشہ ڈرائیور عثمان کاشف نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی وجہ سے جینا مشکل ہو گیا ہے، دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی، اور ایک وقت کی روٹی بھی پوری قیمت پر دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی لوٹ مار میں مصروف ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اوگرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت قیمتوں پر عملدرآمد کرانا اب صوبائی حکومتوں کا کام ہے اور اوگرا نے اس حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں، تاہم ابھی تک کسی بھی جگہ مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close