بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں ایک بار پھر بڑا اضافہ، کتنا ؟ جانئے

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے سہ ماہی وظیفے میں 5,000 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے ملک بھر کے 1 کروڑ سے زائد خاندانوں کو مالی ریلیف ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بی آئی ایس پی کے تحت رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کے سہ ماہی وظیفے میں یہ اضافہ منظور کیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانا اور مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سہ ماہی وظیفہ 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپے کر دیا گیا ہے اور اضافے کا اطلاق جنوری 2027 سے ہوگا، جس کے بعد تمام رجسٹرڈ مستحقین کو بڑھی ہوئی رقم منتقل کی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس فیصلے سے تقریباً 10.2 ملین (ایک کروڑ دو لاکھ) رجسٹرڈ خاندان فائدہ اٹھائیں گے۔ حکام کے مطابق اس اضافے کا مقصد سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانا اور معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کو ٹھوس مالی امداد فراہم کرنا ہے۔

سال 2008 میں شروع ہونے والا بینظیر کفالت پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کیش ٹرانسفر پروگرام بن چکا ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ اضافہ موجودہ معاشی حالات میں غریب خاندانوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مددگار رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close