لیسکو نے سنگل فیز اے ایم آئی سمارٹ میٹر کی قیمت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل فیز سمارٹ اے ایم آئی میٹر کی قیمت میں تقریباً 6 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 11,665 روپے سے بڑھ کر 17,700 روپے ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹریل مینجمنٹ کی جانب سے چند روز قبل 11,665 روپے کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ڈائریکٹر کسٹمر سروسز نے نئی قیمت 17,700 روپے مقرر کرنے کا حکم دیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل لیسکو کی جانب سے سنگل فیز اسٹیٹک میٹر کی قیمت 4,000 روپے تھی، جبکہ سمارٹ میٹر کے نفاذ کے بعد مجموعی طور پر قیمت میں تقریباً 13 ہزار روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔
مراسلے کے مطابق نئی قیمت میں صارفین کو 10 میٹر کیبل بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ اس سے زائد کیبل کی صورت میں اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔
مزید برآں، کنکشن کے حصول کے لیے سکیورٹی ڈیمانڈ نوٹس بھی منظور شدہ لوڈ کے مطابق جمع کروانا لازمی ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






