موٹرسائیکل سواروں کے لیے سستا پیٹرول کی اسکیم سے متعلق حکومت کا بڑا یوٹرن

پاکستان کی حکومت نے سستے تیل کی فراہمی کا منصوبہ فی الحال مؤخر کر دیا ہے، جبکہ شزہ فاطمہ، جو وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ہیں، نے بھی متعلقہ ایپلی کیشنز کی تیاری روکنے کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو سبسڈی کے تحت سستا پیٹرول فراہم کرنے کا منصوبہ عارضی طور پر ملتوی کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان پیٹرول سبسڈی کے طریقہ کار اور مالی بوجھ سے متعلق تاحال اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا، جس کے باعث سستے پیٹرول کی تقسیم کے لیے تیار کی جانے والی خصوصی موبائل ایپلی کیشن پر کام بھی فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔

شزہ فاطمہ نے منصوبے کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایپلی کیشن کے ذریعے تیل کی فراہمی اب حکومتی منصوبے کا حصہ نہیں رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ آئی ٹی جلد عوام کو اس ایپلی کیشن سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کرے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں فیول کی فراہمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ حکومت کو اس وقت اصل چیلنج بیلنس آف پیمنٹس کا سامنا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے تحفظات اور ملک کے مالیاتی خسارے کے باعث حکومت کے لیے اس نوعیت کی بڑی سبسڈی فراہم کرنا فی الحال ممکن نہیں رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close