مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے سیکرٹری جنرل کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، کیونکہ وہ اپنے حلقے کی سیاست اور کاروباری مصروفیات میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی حکومتی مصروفیات کے پیش نظر پارٹی کے نئے سیکرٹری جنرل کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس اہم عہدے کے لیے مضبوط امیدوار سمجھے جانے والے خواجہ سعد رفیق نے معذرت کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق احسن اقبال کی بطور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مصروفیات کے باعث پارٹی قیادت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ تنظیمی امور کے لیے ایک ایسے متحرک رہنما کی ضرورت ہے جو مکمل وقت پارٹی کو دے سکے۔
اسی سلسلے میں ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ حلقے کی سیاست اور اپنے کاروباری معاملات میں مصروف ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کے انکار کے بعد ن لیگ کی قیادت نے دیگر سینئر رہنماؤں کے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق جلد ہی کسی تجربہ کار رہنما کا انتخاب کیا جائے گا جو ملک بھر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مؤثر بنا سکے۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز میں نئے سیکرٹری جنرل کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






