بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش، پی ٹی آئی نے اہم مطالبہ کر دیا

اسلام آباد (29 مارچ 2026): پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بگڑتی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پارٹی ترجمان کے مطابق اطلاعات ہیں کہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہو رہی ہے اور جیل میں انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ ترجمان نے ان کی میڈیکل رپورٹس پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے شفاف تحقیقات اور فوری علاج کی ضرورت پر زور دیا۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کی مکمل طبی رپورٹس عوام کے سامنے لائی جائیں اور ان کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے، بصورت دیگر اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

دوسری جانب سامنے آنے والی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ میں “Posterior Vitreous Detachment” کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے باعث انہیں دھندلا دکھائی دینا، سیاہ دھبے نظر آنا اور روشنی کی چمک (فلیشز) محسوس ہونے جیسی علامات کا سامنا ہے۔

مزید برآں رپورٹ میں مایوپیا (قریب کی نظر کمزور ہونا) اور اسٹیگ میٹزم کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جو بصارت کو مزید متاثر کر سکتے ہیں۔

ماہرین چشم نے انہیں عینک کے باقاعدہ استعمال، آئی ڈراپس اور ادویات تجویز کرتے ہوئے چار ہفتوں بعد دوبارہ معائنہ کرانے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close