وفاقی حکومت کی ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ اور اتوار کے روز اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ سفارشات تیار کر لی گئی ہیں، جن کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دورانیہ ہفتہ دوپہر 12 بجے سے اتوار رات 11 بج کر 59 منٹ تک رکھنے کی تجویز ہے۔ اس عرصے کے دوران تمام کاروباری اور کمرشل سرگرمیوں، مارکیٹس اور شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ اسپتال، فارمیسیز اور دیگر ضروری عوامی خدمات بھی دستیاب رہیں گی۔

اس کے علاوہ بندرگاہوں، ریلوے اور فضائی آپریشن کو معمول کے مطابق جاری رکھنے کی بھی تجویز شامل ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد اس فیصلے کا باقاعدہ اطلاق ملک بھر میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close