اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ادارے کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی اور ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اس سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ممالک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جائے اور گمراہ کن اشتہارات کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہراول دستے کے طور پر منظم کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہر سطح پر مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو ادارے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






