آج ایک گھنٹہ روشنیاں بند، عوام سے بڑی اپیل کر دی گئی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں بند کریں اور کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

صدر نے کہا کہ “Give an Hour for Earth” عوام کو اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے، جبکہ ایک گھنٹے کی علامتی بندش عملی ماحولیاتی اقدامات کی ترغیب بھی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور حالیہ سیلاب، گرمی کی لہریں اور خشک سالی بڑے چیلنجز ہیں۔

صدر نے کہا کہ کسان بدلتے موسمی پیٹرن کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جبکہ شہروں میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت بجلی کے نظام پر اضافی دباؤ ڈال رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی دستیابی میں کمی اور سیلاب کے باعث انفراسٹرکچر متاثر ہو رہا ہے، پاکستان کا عالمی اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، تاہم خطرات زیادہ ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان پیرس معاہدے کے اہداف پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرین پاکستان پروگرام کے ذریعے جنگلات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ ارتھ آور کے موقع پر ہر فرد کو اپنے ماحولیاتی اثرات کم کرنے کی ضرورت ہے اور عوام سے توانائی بچانے اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close